جس طرح محمود غزنوی نے 17 حملے کیے ہم بھی اسی طرح حملے جاری رکھیں گے،علی امین گنڈاپور
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ابھی سول نافرمانی کی تحریک کا فیصلہ نہیں ہوا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا ڈی چوک میں ہمارے کارکنوں پر سیدھی فائرنگ کی گئی، حکومت نے دفعہ 245 لگا کر ہمارے لوگوں کا قتل کرایا، 12 ورکرز شہید اور 107 ورکرز کا ابھی تک پتہ نہیں ہے۔
علی امین نے کہا کہ میڈیا نے ہمارے شہداء کے جنازے نہیں دکھائے، لاپتہ ورکرز سے متعلق تحفظات ہیں، ہزاروں کارکن گرفتار اور زخمی ہیں، کارکنوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
ان کا کہنا تھا پانی پت جنگ کی طرح حملے کریں گے، 5 حملے ہم نے کر لیے ہیں، جس طرح محمود غزنوی نے 17 حملے کیے ہم بھی اسی طرح حملے جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی میں پشتونوں کا کردار تھا، پشتون کشمیر آزاد کراتے ہیں تو ٹھیک اور اپنی آزادی کے لیے لڑیں تو غلط؟ فرنٹ لائن پر لڑتے ہیں اور لڑیں گے، ہم شیر ہیں اور شیر رہیں گے۔
وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے مل کر گیم کی ہے، یہ ملک کے اندر نفرتیں پھیلا کر خانہ جنگی کرانا چاہتے ہیں، حکومت نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا ہوا ہے۔
علی امین نے کہا کہ سول نافرمانی کا فیصلہ نہیں ہوا، ابھی مذاکرات ہونے ہیں، ہم ملک کی خاطر مذاکرات کر رہے ہیں، اگر حکومت مذاکرات نہیں کرتی تو ہم تو چل ہی رہے ہیں۔
گورنر کے پی کی جانب سے بلائی گئی اے پی سی پر انہوں نے کہا کہ ایسے شخص نے اے پی سی بلائی جس کا کوئی کردار نہیں، گورنر ویلا منڈا ہے انکی اے پی سی پر لعنت بھیجتا ہوں۔
مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی تعلیم دینا چاہتے ہیں، اچھی بات ہے مدارس کی رجسٹریشن ہونی چاہیے۔