فیض حمید کیخلاف چارج شیٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ اب کوئی بھی قانون سے نہیں بچ سکتا،فیصل واوڈا
سابق وفاقی وزیر و سینیٹر فیصل واوڈا نے انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو باضابطہ طور پر چارج شیٹ کرنے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ فیض حمید کیخلاف چارج شیٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ اب کوئی بھی قانون سے نہیں بچ سکتا، ایسا نہیں ہوسکتا کہ ایک شخص کا ٹرائل ہو اور اس کے حواریوں کا نہ ہو، بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کی جان لینے پر تلی ہوئی ہیں، بانی پی ٹی آئی کو بچانے کے لیے بول رہا تھا اس لیے مجھے پارٹی سے نکالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے حیران کن نہیں ہوگا اگر بانی پی ٹی آئی کو فوجی تحویل میں لے لیا جائے، پہلے بھی بتایا تھا کہ سول نافرمانی کی کال اس ٹرائل سے لنک ہے، 9 مئی سے فیض حمید، پی ٹی آئی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو الگ نہیں کیا جاسکتا۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹرطلال چوہدری نے کہا کہ یہ چارج شیٹ صرف فیض حمید کے خلاف نہیں پی ٹی آئی کے بھی خلاف ہے، ثابت ہوگیا کہ 9 مئی کو احتجاج نہیں بغاوت کی گئی تھی۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ فیض حمید کا گرفتار ہونا پاکستان کی تاریخ میں بڑی بات ہےاوران کے لیے سبق ہے جو سمجھتے تھے کہ طاقت کبھی ختم نہیں ہوگی۔