فوجی عدالتیں عام شہریوں کو سزا نہیں سنا سکتیں، فیصلہ مسترد کرتے ہیں، عمر ایوب
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما عمر ایوب نے فوجی عدالتوں کی جانب سے سانحہ 9 مئی میں ملوث مجرموں کی سزاؤں کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے انصاف کے اصولوں کے منافی قرار دے دیا۔
مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک بیان عمر ایوب کا کہنا تھا کہ فوجی عدالت سے سویلینز کے خلاف سزاؤں کو مسترد کرتے ہیں، فوجی عدالتوں کی جانب سے پی ٹی آئی کے زیرحراست افراد کیخلاف سنائی گئی سزائیں انصاف کے اصولوں کے منافی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ زیرحراست افراد عام شہری ہیں اور ان پر فوجی عدالتوں میں مقدمہ نہیں چلایا جاسکتا، مسلح افواج ریاست کے انتظامی اختیار کا حصہ ہیں، ایسے فیصلوں سے آئین کی بنیادی خصوصیت، طاقت کی تقسیم کی نفی ہوئی ہے۔