پاکستان کے جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا،وزیراعظم شہباز شریف کا دوٹوک مؤقف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ہم پر جو پابندیاں لگائی گئی ہیں ان کا کوئی جواز نہیں اور پاکستان کے جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چند دن پہلے خوارج کے حملے میں 17سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت ہوئی اور ہماری فورسز نے کئی خوارج کو جہنم رسید کیا، سپہ سالار خود گئے اور اہلکاروں کو حوصلہ دیا، تمام وسائل دہشتگردی کے خاتمے کے لیے لگا کر بھرپور مقابلہ کیا جا رہا ہے، جب تک دہشتگردی کا سر نہیں کچلا جاتا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات ہوئے ہیں، خیبرپختونخوا میں فرقہ واریت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، دونوں گروپ مسلحہ ہیں، کرم میں جب یہ قتل غارت گری ہو رہی تھی اس وقت اسلام آباد پر چڑھائی کی جا رہی تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہیں، حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خلاف اقدامات کر رہی ہے۔
بیلسٹک میزائل پروگرام کے حوالے سے امریکا کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم پر جو پابندیاں لگائی گئی ہیں ان کا کوئی جواز نہیں، پاکستان کا جوہری پروگرام صرف ملک کے دفاع کے لیے ہے اور یہ 24کروڑ عوام کا پروگرام ہے، پاکستان کے جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ گزشتہ روز کمیٹی کی میٹنگ ہوگئی ہے، قومی مفاد کو سامنے رکھ کر گفتگو ہوگی تو یکجہتی کو فروغ ملے گا،کسی کی نیت پر شک نہیں، امید ہے دونوں کمیٹیاں ایسا حل نکالیں گی جس کا ملک کو فائدہ ہوگا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ 2018کے بعد مہنگائی سب سے کم سطح پر ہے، ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے، ڈاکٹریونس سے قاہرہ میں مثبت گفتگو ہوئی، بنگلا دیش سے تعلق بن رہا ہے اور بنگلادیش کے لیے ہماری چاول کی ایکسپورٹ ہو رہی ہے۔