اسپین، ناروے اور آئرلینڈ نے فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرلیا
اسپین، ناروے اور آئرلینڈ کی حکومتوں نے فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کی منظوری دے دی
تینوں ممالک کی حکومتوں نے آج فلسطین کو باضابطہ طور پر بطور ریاست تسلیم کرنے کی منظوری دی۔
نارویجیئن کابینہ کی جانب فلسطین کو تسلیم کیے جانے کی باضابطہ منظوری دیے جانے کے بعد ناروے کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ناروے 30 سال سے فلسطین کے حقوق کا سرگرم محافظ رہا ہے۔
آئرلینڈ کی کابینہ نے بھی آج فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کیے جانے کی منظوری دی۔
حکومتی اعلامیے میں کہا گیا کہ آئرلینڈ نے آج فلسطین کو بطور ایک خودمختار اور آزاد ریاست تسلیم کرلیا ہے، کابینہ نے آئرلینڈ اور فلسطین کے درمیان سفارتی تعلقات قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور فلسطینی شہر رام اللہ میں سفارت خانہ کھول کر سفیر مقرر کیا جائے گا۔
اسپین کی کابینہ نے بھی آج فلسطین کو باضابطہ تسلیم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ فلسطین پر ہونے والے مظالم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، امن کا قیام ہم سب کی ذمہ داری ہے اور فلسطین کو تسلیم کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق ہے، فلسطین کو تسلیم کرنا تاریخی لمحہ ہے۔
فلسطین کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد اب 146 ہوگئی ہے۔