پاکستان میں کام کرنے والے چینی قومی مہمان ہیں،ان کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہے، احسن اقبال
وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی ہمارے قومی مہمان ہیں جن کی سیکیورٹی ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
اسلام آباد میں نجی ٹی وی سےخصوصی گفتگوکرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا پاکستان میں موجود چینی شہریوں کو سیکیورٹی فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے کیونکہ وہ ہمارے قومی مہمان ہیں۔گزشتہ دنوں پیش آنے والے واقعات منظم دہشتگردی کا نتیجہ ہیں۔ایسے واقعات کا مقصد پاک چین تعلقات میں خلل ڈالنا اور سی پیک کو روکنا ہے۔دونوں ممالک سیکیورٹی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رابطے میں ہیں اور ایسے فریم ورک پر اتفاق کریں گے جو دونوں ممالک کیلئے قابل قبول ہوگا۔
احسن اقبال نے گفتگو میں مزید کہا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں کامیاب ہوں گے۔ ہمیں قیاس آرائیوں سے گریز کرنا ہوگا جہاں ضروری ہوگا سیکیورٹی کے نظام کو مزید مؤثر بنائیں گے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ پہلے سے منظور شدہ اسپیشل اکنامک زونز پر آئی ایم ایف کی شرائط عائد نہیں ہوتیں تاہم آئی ایم ایف کی شرائط نئے اکنامک زونز سے متعلق ہیں۔