سول نافرمانی 9 مئی سے بڑا جرم ہے، جاوید لطیف
لاہور : مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کیوں نہیں کہتے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو چھڑوانے کے لیے دباؤ ہے لیکن اگر دباؤ میں کچھ کیا گیا تو قوم کھڑی ہوگی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان میں جب ماشل لا لگتا ہے تو کسی کو جمہوریت یاد نہیں آتی، آج کے دن ایک قومی لیڈر شہید ہوئیں اس وقت کسی کو انسانی حقوق یاد نہیں آئے۔
انہوں نےکہا کہ ہمیں خیرات میں زندگی نہیں چاہیے، ہمیں غیرت کی موت عزیز ہے، ہم ایٹمی طاقت ہیں، عالمی قوتوں کے دباؤ میں نہیں آئیں گے،کوئی ڈکٹیشن دے گا تو ہم سب ایک نظر آئیں گے، ڈالروں کے بدلے ہمیں کوئی بے غیرتی نہیں سکھا سکتا، ہم پھندا جھول لیں گے لیکن اپنی عزت کا سودا نہیں کریں گے۔
جاوید لطیف نے کہا کہ کیوں نہیں کہتے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو چھڑوانے کے لیے دباؤ ہے، عالمی قوتیں اس سے کیا کام لینا چاہتی ہیں، ہم سیاسی محاذ پر تقسیم ہو جائیں گے مگر قومی غیرت پر تقسیم نہیں ہوں گے، اگر دباؤ میں کچھ کیا گیا تو قوم کھڑی ہو کر دکھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بغاوت کرنے والے کو چھوڑنے، سائیکل چور کو لٹکانے سے ریاستیں نہیں چلتیں، کارکنوں کو سزا اور ماسٹر مائنڈ کا کیس لٹکا دینے سے بات نہیں بنے گی، سول نافرمانی 9 ، 10 مئی سے بڑا جرم ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ جنرل فیض حمید ہاوسنگ سوسائٹی کی وجہ سے گرفتار نہیں، قوم کو فیض حمید کی گرفتاری کی وجہ بتانی چاہیے، فیض حمید نے ادارے کے اندر بغاوت کی کوشش کی جو ناکام ہوئی، بغاوت کی ایسی سازش کسی اور ملک میں ہوتی تو اسے گولی سے اڑا دیا جاتا۔