ملائکہ اروڑہ نے ممبئی میں شاندار ریسٹورنٹ کھول لیا
بالی ووڈ کی مشہور ڈانسر اور ارباز خان کی سابقہ اہلیہ ملائکہ اروڑہ نے ممبئی میں ریسٹورنٹ کھول لیا۔
اداکارہ ملائکہ اروڑا نے ممبئی کے علاقے باندرہ میں ایک نئے ریسٹورنٹ ’اسکارلٹ ہاؤس‘ کے ساتھ ہوٹل کی صنعت میں قدم رکھ دیا ہے۔ یہ ریسٹورنٹ ایک 90 سالہ قدیم پرتگالی طرز کے گھر میں قائم کیا گیا ہے۔
اس ریسٹورنٹ کو کھولنے کیلئے ملائکہ نے اپنے بیٹے ارحان خان، ان کے دوست ملایا ناگپال اور ہوٹل منیجمنٹ کے ماہر دھول ادیشی کے ساتھ تعاون کیا ہے۔
ملائکہ نے بزنس کی دنیا میں اپنے اس نئے منصوبے کا اعلان انسٹاگرام پر ایک تصویر کے ذریعے کیا، جس میں وہ اور ان کے بیٹے ارحان ایک جیسی سیاہ جیکٹس پہنے دکھائی دے رہے ہیں، جس پر ’اسکارلٹ ہاؤس‘ لکھا ہوا ہے۔
ملائکہ نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ’پہلی بار ایک ساتھ تعاون کرتے ہوئے‘۔
اداکارہ کو ان کے دوستوں اور خاندان کی جانب سے انسٹاگرام پر مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ کرینہ کپور نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ملائکہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے لکھا ’مبارک ہو ملا اور ارحان، یہاں کھانے کے لیے آنے کا انتظار نہیں کر سکتی‘۔
ملائکہ نے بھارتی میڈیا کو دیے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے اس ریسٹورنٹ کے ذریعے ایک ایسا ماحول تخلیق کرنا چاہا ہے جہاں لوگ آرام سے بیٹھ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھانے اور مہمان نوازی کے شوق نے انہیں اور ان کے بیٹے کو اس پروجیکٹ پر کام کرنے کیلئے مجبور کیا۔