بھارتی ریاست منی پورمیں ایک بار پھر ہنگامے، کرفیونافذ
بھارتی ریاست منی پور میں ایک بار پھر ہنگامے پھوٹ پڑے ، شہر امپھال میں کرفیو نافذ کر دیا گیاجبکہ 7 اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔
خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سکیورٹی فورسز کاکہنا ہے کہ فسادات 6 لاپتہ افراد میں سے 3 کی لاشیں ملنے کے بعد شروع ہوئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے دو وزراء اور تین ارکان پالیمنٹ کے گھروں پر بھی دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ کی۔
مظاہرین نے 3 افراد جن میں دو بچے شامل تھے کے مبینہ قتل کے خلاف مختلف اضلاع میں مظاہرے کرتے ہوئے تین وزراء اور 6 ایم ایل ایز کے گھروں پر دھاوا بولا۔
بھارتی حکومت نے صورت حال کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پیر کو شروع ہونے والے تازہ فسادات میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کوکی قبیلے کے 10 افراد کی ہلاکت کے بعد میتھی قبیلے کے ایک خاندان کے 6 افراد لاپتا ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ سرکاری نوکریوں، تعلیم اور دیگر مراعات کے حوالے سے گزشتہ برس مئی میں شروع ہونے والے نسلی فسادات کے دوران منی پور میں اب تک 250 افراد ہلاک اور 60 ہزار سے زائد بے گھر اور کئی زخمی ہوچکے ہیں۔