پی ٹی آئی نے کارکنوں کو اسلحہ فراہم کردیا، وزیر اطلاعات پنجاب کا الزام

uzma bukhari

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا اپنے کارکنوں کو 24 نومبر کے احتجاج کے لیے اسلحہ فراہم کرنے کا الزام عائد کر دیا۔

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو لاشوں کی ضرورت ہے۔ اور بشری بی بی کو آگے کر کے فساد کی تیاری ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 2 ارب روپے 9 مئی پارٹ ٹو کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ پکی خبر ہے کہ 24 نومبر کو امن و امان خراب کرنے کیلئے افغانیوں اور یوتھ فورس کو اسلحہ دیا گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب بھی ملک کی ترقی ہو رہی ہوتی ہے یہ فساد شروع کر دیتے ہیں۔ اب بیلاروس کے صدر آرہے ہیں تو پھر فساد شروع کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ کرم و پارہ چنار میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا۔ لیکن علی امین گنڈاپور کا صرف احتجاج پر فوکس ہے۔ پارہ چنار میں فرقہ واریت پھیل رہی ہے مگر گنڈاپور بشری بی بی کو بٹھا کر فساد برپا کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے آئی جی کو بے کار کر کے خود سب کنٹرول لے لیے ہیں۔ جلتا ہوا کے پی نظر نہیں آ رہا وہاں تو آگ لگی ہوئی ہے۔ اور 40 سے زائد لوگ مارے گئے لیکن گنڈاپور کو کوئی فکر نہیں۔ خیبرپختونخوا میں ہر روز امن و امان کی صورت حال خراب ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں پوچھتی ہوں کہاں ہیں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور؟ اسلام آباد پرچڑھائی کرنے والے ملک دشمن ہیں۔ کرم اور پارہ چنار کے حالات خراب ہیں اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ستو پی کر سوئے ہوئے ہیں۔

بشریٰ بی بی کے ویڈیو بیان سے متعلق انہوں نے کہا کہ شریعت پر آپ کون ہوتی ہیں بولنے والی؟ بشریٰ بی بی کو آگے کر کے فساد کی تیاری ہورہی ہے۔ جبکہ بشریٰ بی بی نے ہمیشہ سیاست کی ہے۔ اور بشریٰ بی بی نے خود کو شریعت کا ٹھیکیدار کہا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا بشری بی بی نے جوکہا ٹھیک کہا۔ کچھ دنوں میں بشری بی بی کا بوریا بستر گول ہوتا دیکھ رہی ہوں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے