اب میں 40 سال کی عمر کو چھو رہی ہوں،اداکارہ ماہرہ خان

mahira khan

پاکستانی شوبز انڈسٹری کا نمایاں نام اور اداکاری سے لوگوں کے دلوں پر راج کرنےوالی اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی عمر سے پردہ اُٹھاتے ہوئے کہا کہ اب میں 40 سال کی عمر کو چھو رہی ہوں، مجھے جم جانے میں اتنی دلچسپی نہیں ہے لیکن پھر بھی میں نے تقریباً تمام جم سینٹرز کی ممبر شپ لے رکھی ہے، مگر جب سے ایک شوٹ کی وجہ سے 10 سے 15 منٹ سوئمنگ شروع کی تو یہ مجھے اچھی لگنے لگی، میری کُوریوگرافر نے بھی مجھ میں تبدیلی نوٹ کی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اب زیادہ توانائی محسوس کرتی ہوں، جبکہ عمر کے ساتھ ساتھ جسمانی طاقت و صلاحیت کم ہو جاتی ہے، مجھے آج بھی یاد ہے جو میں 21 برس کی تھی، وی جے تھی، شادی ہو چکی تھی، جب 24 کی ہوئی تو اذلان پیدا ہوا اور جب 30 کی ہوئی تو مجھے شہرت ملنا شروع ہوئی اور کام بھی بڑھ گیا، کام کے سلسلے میں کبھی ادھر جانا پڑتا کبھی ادھر اس عمر میں انتھک محنت کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ میں نے بہت کم عمر میں سمجھ لیا تھا کہ جب کبھی میں چیزوں کو اپنے حساب سے نہیں کرتی یا اپنی خوشی کے مطابق نہیں کرتی تو میں اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوتی، انہوں نے زندگی میں مقصد اور اس کے حصول پر بھی زور دیا ہے۔

دوران انٹرویو ماہرہ خان نے گزشتہ برس ذہنی تناؤ کا شکار ہونے کے بعد ساتھی فنکاروں کی جانب سے ہونے والی تنقید کا ڈھکے چھپے الفاظ میں جواب دے دیا۔

حال ہی میں اداکارہ نے ایک بار پھر ذہنی تناؤ کے حوالے سے بات کی اور بتایا کہ کئی برسوں تک ذہنی مسائل کی وجہ سے انتہائی مشکل حالات کا سامنا کیا لیکن اپنوں نے اس وقت بہت ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈپریشن سمیت دیگر ان تمام بیماریوں جن کا شکار ہونے پر شرمندگی محسوس ہوتی ہے ان پر کھل کر بات کرنی چاہیے، شرمندگی محسوس نہ کریں، اس سے بیمار شخص اور اس کے ارد گرد لوگوں کو بھی مدد ملتی ہے۔

اداکارہ نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب میں ذہنی تناؤ کا شکار تھی تو لوگ کہتے تھے کہ اپنی نعمتوں کو دیکھو، زندگی کے مثبت نظریے سے دیکھو جو تمہارے پاس ہے اس پر شکر ادا کرو لیکن یہ سب میرے ذہن میں نہیں بیٹھتا تھا کیونکہ یہ تو بیماری ہے جس کا ایک علاج ہے، اس کے ماہرین ہیں، اس کی ادویات ہیں جن سے صورتِ حال بہتر ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپریشن ایک کیمیائی عدم توازن ہے، ڈپریشن ہونے کے اسباب ضرور ہوتے ہیں لیکن ڈپریشن سمیت دیگر تمام ذہنی صحت کے مسائل بیماریاں ہیں اور ان کے لیے دوائیں اور علاج دستیاب ہے۔

ماہرہ خان نے اعتراف کیا کہ جب میری حالت بہت زیادہ خراب تھی تو ادویات نے ہی سب سے زیادہ مدد کی، اس کے بعد روحانی تسکین اور لوگوں کی مدد نے مجھے ڈپریشن سے نکلنے میں مدد فراہم کی۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ ڈپریشن میں ہر وقت دعائیں مانگتی رہتی تھی، خدا کے قریب ہو گئی تھی جب کہ مشکل وقت میں بہترین دوستوں، اہلِ خانہ اور بیٹے کی مدد بھی حاصل رہی۔

اداکارہ نے ’سپورٹ سسٹم‘ کو ڈپریشن کے لیے بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈپریشن جیسے مسائل کے بارے میں کھل کر بات کرنا ضروری ہے اور ذہنی صحت اور اس کے بارے میں بات کرنے سے شرمندگی کو دور کرنا ضروری ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے