ویرات کوہلی کی فٹنس کا راز انوشکا شرما نے بتادیا
بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی جہاں اپنے شاندار کھیل کو لے کر دنیا کے بہترین کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں وہیں ان کی فٹنس کے بھی ہر جگہ چرچے ہیں۔
فٹ رہنے کے لیے ضروری ہے کہ صحت مند کھانے کے ساتھ ورزش کو بھی روٹین میں شامل کیا جائے لیکن کوہلی کی فٹنس روٹین کے حوالے سے ان کی اہلیہ انوشکا شرما نے انکشاف کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں انوشکا نے بتایا کہ ویرات اپنی فٹنس کو لے کر کافی سنجیدہ رہتے ہیں، روز صبح اٹھتے ہی وہ کارڈیو کرتے ہیں اور پھر میرے ساتھ بیٹنگ پریکٹس کرتے ہیں۔
انوشکا کے مطابق ویرات کا کھانا بغیر میٹھے مشروبات اور جنک فوڈ کے ہوتا ہے، کیا آپ یقین کریں گے کہ ویرات نے تقریباً 10 سال سے بٹر چکن نہیں کھایا؟
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ویرات اپنی نیند کے معاملے میں کبھی سمجھوتا نہیں کرتے، وہ کسی بھی طرح اپنے آرام کے لیے وقت نکالتے ہیں اور نیند پوری کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میں اپنی 30ویں ٹیسٹ سنچری اسکور کی تھی۔