آئینی ترمیم کے خلاف حکومت کے7 ایم این ایزووٹ دیں گے، بیرسٹر گوہرکا انکشاف
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹرگوہرنے دعویٰ کیا ہے کہ حکومتی 7 ایم این ایز آئینی ترمیم کے خلاف ووٹ دیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت غلط فہمی کا شکار ہے کہ ہمارے اراکین قومی اسمبلی کو اٹھا کرنمبرز پورے کریں گے۔ہمارے لوگ ڈٹے ہوئے ہیں کہتے ہیں جان چلی جائے لیکن ووٹ نہیں دیں گے۔حکومت کو بتادوں کہ آپ کے 7 ایم این ایز آپ کے ساتھ نہیں ہیں اوریہ وقت بتائے گا۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ جب حکومت کےایم این ایز ہمارے ساتھ فلور پر آئیں گے تو آپ کو حیرانگی ہوگی۔جو آئینی ترمیم پر ووٹ نہیں دیں گے، دعویٰ کر رہا ہوں اور یہ ہم نہیں کر رہے ہم کسی کو بھی اپروچ نہیں کر رہے کہ ہمارے ساتھ آجائیں لیکن وہ خود کہہ رہے ہیں کہ ہم ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے، یہ حیران ہوجائیں گے جب یہ آئینی ترمیم کا بل لائیں گے۔
دوسری جانب اسد قیصر نے انکشاف کیا ہے کہ اطلاع ملی ہے ترامیم کاجو پرانا مسودہ تھا وہی برقرار ہے، قوم سے امید رکھتا ہوں اس جبر اور غیر انسانی قانون سازی کے خلاف اٹھیں گے۔ایک طرف تو جعلی اور مینڈیٹ چور حکومت بیٹھی ہے اور ساتھ ہی پی ٹی آئی کے جو اراکین ہیں انہیں بڑی بڑی آفرز دی جارہی ہیں۔خواتین کی بے عزتی و بے حرمتی ہورہی ہے، چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم سے میں امید رکھتا ہوں آپ ہمیشہ اپنے حق کیلئے اٹھے ہیں، عمران خان اگر آج جیل میں ہے اور سختیاں برداشت کر رہا ہے تو وہ حقیقی آزادی کے لیے ہے، عمران خان کے ساتھ یہ جو رویہ رکھ رہے ہیں ان کی غلط فہمی ہے کہ یہ اسے توڑ لیں گے، خدانخواستہ اگر عمران خان کو کچھ ہوگیا تو یاد رکھیں کوئی بھی پھر محفوظ نہیں رہے گا، اگر کسی کی یہ غلط فہمی ہے کہ یہ غیر قانونی طور پر زور زبردستی عمران خان کو پابند سلاسل رکھیں گے، ان کے لیے مزید ایسا کرنا ناممکن ہے