چیمپئنز ٹرافی کیلیے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائیگی، بھارتی میڈیا
آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کےلیے بھارتی حکومت نےٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیمپیئینز ٹرافی کےلیے بھارت کے انکار کےلیے ذہنی طور پر تیار ہے تاہم ٹورنامنٹ کا فائنل لاہور سے منتقل نہیں کرے گا۔
بھارتی بورڈ کا کہنا ہے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی اور یہ ہمارا حتمی فیصلہ ہے، جو ہم پاکستان کو لکھ کر دے چکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کئی مہینوں سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ٹورنامنٹ پاکستان میں نہیں ہوگا اور بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ اور حکومت کے جواب کا انتظار کررہے ہیں، اپنی تیاریاں جاری رکھیں گے۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان میں ہی ہوگا۔چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایونٹ کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں البتہ ہمیں امید ہے کہ بھارتی بورڈ مثبت جواب دے گا۔
غور طلب ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ایک وفد 10 سے 12 نومبر تک لاہور کا دورہ کرے گا تاکہ ٹورنامنٹ کےلیے پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لے سکے۔ 11 نومبر کو ایک آفیشل ایونٹ متوقع ہے، جس کے دوران ٹورنامنٹ کا شیڈول اور اہم تفصیلات کا امکان ظاہر کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق ابتدائی شیڈول پہلے ہی ایونٹ میں شریک ٹیموں کے بورڈ کے ساتھ کیا جاچکا ہے، جس کے تحت پاکستان گروپ اے میں بھارت، بنگلادیش اور نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوگا جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان شامل ہیں۔
چیمپئینز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک شیڈول ہے جس کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں گے۔