کراچی: گٹکے کیلئے چھاپے مارنے والی ٹیم کی لیڈی کانسٹیبلز نے گھر سے 25 لاکھ روپے چرا لئے
سندھ پولیس کی ٹاسک فورس کا بڑا کارنامہ،اورنگی ٹاؤن کے گھر میں گٹکے کی اطلاع پرچھاپے کے دوران 25 لاکھ روپے چوری کر لئےگئے، چوری ٹیم میں موجود تین لیڈی کانسٹیبلز کی جانب سے کی گئی ۔
ترجمان پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز ڈی ایس پی عابد فضل کی سربراہی میں اورنگی ٹاؤن سیکٹر 12 کے گھر میں گٹکے برآمدگی کیلئے چھاپہ مارا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ چھاپے کے دوران گھر سے ڈھائی من گٹکا اور سامان برآمد کرکے دوملزمان کو گرفتار کیا گیا، مقدمہ درج کرانے کے بعد ٹاسک فورس واپس چلی گئی۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ اس دوران گھر کے مکین تھانے پہنچے اور بھاری رقم چوری ہونے کا بتایا،اطلاع ملتے ہی ٹاسک فورس کو فوری طور پر روک دیا گیا۔
پولیس کےمطابق تلاشی لینے پرخاتون کانسٹیبل سے 16 لاکھ روپے ، 900 ریال اور 205 درہم برآمد ہوئے، باقی کانسٹیبلز نے پکڑے جانے کے خوف سے رقم پھینک دی۔
ترجمان پولیس نے کہا کہ معاملہ فوری طور پر ڈی آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی کے نوٹس میں لایا گیا ، ڈی ایس پی عابد فضل نے ابتدائی رپورٹ حکام کو ارسال کردی ۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا لیڈی کانسٹیبلز مائرہ ، ارم اور شازیہ کو معطل کرتے ہوئے ڈی ایس پی کمپلین ملیرکو فوری طور پر انکوائری افسر مقررکیا گیا ہے۔