پاک فوج میں جانے کا شوق تھا، عمران خان کی وجہ سے کرکٹر بنا، شاہد آفریدی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مشہور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ وہ پاک فوج میں جانا چاہتے تھے لیکن عمران خان کی وجہ سے کرکٹر بنا۔
کراچی میں آرٹس کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام جشن کراچی کے تحت 17 ویں عالمی اردو کانفرنس میں بطور مہمان شرکت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی نے کہا کہ کراچی کے لوگ بہت پروفیشنل اور سچے ہوتے ہیں، 1979 میں پیدا ہوا اورکراچی آنے کے بعد کبھی تفریق نہیں دیکھی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی جیسا کھانا کہیں نہیں ملتا، کراچی والے وعدے کے بہت پکے ہوتے ہیں اور جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی والے بہت آباد اور باخلاق ہوتے ہیں، شہر میں برے حالات میں بھی ہم بہتر رہے، خود پر یقین بہت ضروری ہے، والدین سے یقین سیکھا ہے، اپنی غلطیوں سے بہت سیکھا اور اپنا احتساب خود کریں۔
سابق کپتان نے کہا کہ کرکٹ کی وجہ سے والدین سے ڈانٹ اور مار بھی کھائی، کراچی میں ٹیپ بال بہت کھیلی اور پاکستان ٹیم میں کھیلنے کا جو خواب دیکھا تھا وہ پورا ہوگیا۔
شاہد آفریدی نے گفتگو کے دوران کہا کہ پاک فوج میں جانے کا شوق تھا لیکن عمران خان کی وجہ سے میں کرکٹر بنا، عمران خان نہ ہوتے تو میں کرکٹر نہ ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ متعدد مرتبہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا، سیاست بہت زیادہ تھ بطور کپتان میرٹ کا خیال رکھنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے مجھے پیغامات ملے، بطور کپتان بورڈ کو بتایا اورملوث کھلاڑیوں کو سمجھایا، تینوں مذکورہ کھلاڑیوں کے بغیر کارکردگی بہتر رہی۔
جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ کوچز فرعون بنے ہوئے تھے۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کھیل کے دوران بعض ایسے واقعات پیش آتے ہیں لیکن گیند اس لیے چبائی تھی کہ پاکستان کو جتوانا تھا۔