سماجی کارکن صارم برنی امریکا سے واپسی پر گرفتار
فائل فوٹو
کراچی: ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے امریکا سے واپسی پر معروف سماجی رہنما صارم برنی کو ایئرپورٹ سے گرفتارکرلیا۔
ذرائع ایف آئی اے کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے معروف سماجی رہنما صارم برنی کوامریکا سے واپس آنے پرکراچی ائیرپورٹ کے بین الاقوامی آمد سےگرفتارکیا، صارم برنی پر انتہائی سنگین نوعیت کے الزامات ہیں، کافی عرصے سے صارم برنی کی نقل وحرکت پرنظررکھی جا رہی تھی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق صارم برنی پر 25 سے زائد بچوں کو غیرقانونی طریقے سے امریکا بھیجنے کا الزام ہے، صارم برنی اور ان کے ٹرسٹ نے بچوں کوغیرقانونی طریقے سے امریکا میں مقیم والدین کواڈاپٹ کروایا، بچے مختلف اوقات میں کراچی میں صارم برنی ٹرسٹ کے حوالے کیے جانا ظاہرکیا گیا۔
ایف ائی اے ذرائع کے مطابق انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل حکام کے مطابق 17 بچوں کو امریکہ اسمگل کرنے کے شواہد سامنے آچکے ہیں، معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، بعدازاں صارم برنی کو ایف ائی اے کے ہیومن ٹریفکنگ سرکل صدر منتقل کیا گیا جہاں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
صارم برنی کی گرفتاری کے بعدان کی قانونی ٹیم ایف آئی اے دفترپہنچی جہاں ان کے وکیل قادرحسین نے بتایا کہ ہمیں اطلاع ملی انکو امریکا سے واپسی پرگرفتار کرلیا گیا ہے، ہم یہاں انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل پہنچے مگرصارم برنی سے ملاقات نہیں کرائی جارہی ہے، واضح رہے کہ صارم برنی نے کچھ روزقبل امریکا میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پراپنی ذات سے متعلق کی گئی تنقید کا بھرپورجواب دینے کا اعلان کیا تھا۔