دوسرا ٹیسٹ؛ پاکستان نے 3 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر پہلی فتح حاصل کرلی
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں چوتھے روز انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز سے اننگز کا آغاز کیا محض ایک رن کے اضافے کے بعد اولی پوپ 22 کے انفراد اسکور پر آؤٹ ہوئے، بعدازاں جو روٹ 18 اور ہیری بروک 16، جیمی اسمتھ 6، بریڈن کارس 27، جیک لیچ ایک اور شعیب بشیر صفر رن پر پویلین لوٹے۔ کپتان بین اسٹوکس کی مزاحمتی اننگز 37 رنز تک محدود رہی۔
انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں پاکستان کیخلاف 144 رنز بناکر آل آؤٹ ہوئی، دونوں اننگز میں انگلش بیٹرز کی تمام وکٹیں اسپنرز نے حاصل کیں۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 8 اور ساجد خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
تیسرےروز
پاکستان کی جانب سے ساجد خان اور نعمان علی نے کی شاندار باؤلنگ کے باعث انگلینڈ کی بیٹنگ دوسری اننگ کے آغاز میں ہی لڑکھڑا گئی اور اس کے دو کھلاڑی اوپر تلے وکٹیں گنوا بیٹھے۔
انگلینڈ نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو محض 52 رنز کے اضافے کے بعد انگلش ٹیم 291 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ بریڈن کارس 4، میتھیو پوٹس 6، جیمی اسمتھ 21، شعیب بشیر 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ جیک لیچ 25 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 7 اور نعمان علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو عبداللہ شفیق ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، کپتان شان مسعود بھی محض 11، صائم ایوب 22 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، پہلی اننگز میں سینچری اسکور کرنے والے کامران غلام 26 جبکہ محمد رضوان 23، سعود شکیل 31، عامر جمال اور نعمان علی ایک ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آغا سلمان 63 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے اور ساجد خان 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے شعیب بشیر نے 4، جیک لیچ نے 3، بریڈن کارس نے 2 اور میتھیو پوٹس نے ایک وکٹ حاصل کی۔