پنجاب میں پولیس اہلکاروں پر دوران ڈیوٹی سوشل میڈیا استعمال پرپابندی عائد
آئی جی پنجاب نے پولیس اہلکاروں کے دوران ڈیوٹی سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی لگادی۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس کی ہدایات پر پنجاب پولیس پر ٹک ٹاک ، فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو استعمال کرنے پر پابندی لگا دی گئی جبکہ پولیس یونیفارم میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ویڈیوز اپ لوڈ نہ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
پنجاب پولیس کے جوان جو ڈیوٹی سرانجام دینے کی بجائے ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ یونیفارم میں ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
نوٹیفیکشن کے مطابق پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کر رہی ہے جس پر اب پابندی ہوگی۔پنجاب پولیس کے افسران اور خواتین اہلکاروں کی سوشل میڈیا پر ویڈیوز بھی آئے روز وائرل ہوتی رہی ہیں۔