اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم،پولیس نےلاپتہ شاعر احمد فرہاد کی گرفتاری ظاہر کردی
پولیس نےا سلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر لاپتا شاعر احمد فرہاد کی گرفتاری ظاہر کردی، بعدازاں اہل خانہ سے ان کی ملاقات بھی کرائی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مظفرآباد سے باہرکہوڑی تھانے میں احمد فرہاد اوران کی فیملی کی ملاقات ہوئی، احمد فرہاد کے بھائی سید لیاقت شاہ کا کہنا ہے کہ ہم احمد فرہاد کے خلاف مقدمات ختم کرانے کے لئے قانونی جنگ لڑیں گے۔
قبل ازیں جسٹس محسن اختر کیانی نے مغوی شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کے کیس کی سماعت کی۔ اٹارنی جنرل منصور اعوان، ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت، ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے کہا کہ ایک اور شہری لاپتہ ہوا جس کی چار دن بعد ایف آئی آر درج کی گئی، جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ آپ کی انفارمیشن کیا ہے؟ ایمان مزاری نے بتایا کہ وہ کشمیر کے حوالے سے سوشل میڈیا پوسٹس کر رہا تھا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ آئی جی اسلام آباد اس معاملے کو دیکھ لیں اور ابھی میں کچھ نہیں کہ رہا صرف آپ کو انفارم کر دیا ہے کہ اس کو دیکھ لیں۔